Lesson-7

لیسن نمبر7: بچے کی حرکات پر ردعمل دے کر اور بچے کی تعریف کرتے ہوئےغذا کھلانےکے طریقے کو موّثر بنانے کی سرگرمی کرنا

دورانیہ: ۲۰ منٹ

سرگرمی سے متعلق ہدایات:

سب سے پہلے آپ ماں کے سامنے بچے کے ساتھ سرگرمی کریں گے اور ساتھ ساتھ ماں کو بتائیں گے کہ کیسے بچے کی حرکات کا مناسب ردعمل دینا ہے اورکیسے بچے کی تعریف کرنی ہے۔ موڈیول میں دئیے گئے طریقوں کو مدنظر رکھ کر سرگرمی کریں گے۔

معلومات کو جانچنے کیلئے سوال

ابھی ہم نے بچے کی تعریف کرنے اور اسکی حرکات پر مناسب رد عمل دینے کی بات کی۔

ماں کن طریقوں کا استعمال کرکے ان مہارتوں کو اپنا سکتی ہے؟

اپنا جواب تحریر کریں

جواب جمع کرائیں

زبانی کچھ بول کر بچے کی تعریف کرنا
تالی بجانا، مسکرانا
بچوں کی آنکھوں میں دیکھنا
بچے سے باتیں کر نا اوربچے کی آوازوں کا جواب دینا ۔
نرم لہجے میں بات کرنا
پیار کرنا،گلے لگانا،لاڈ کرنا، پیار سے تھپکی دینا، بچے سے شفقت سے پیش آنا
ماں کو بتائیں :

”یہ مہارتیں کھیل اور گھر کی سرگرمیوں میں استعمال کرکے آپ بچے کے ساتھ تعلق کو بہتر بناسکتی ہیں۔ ہم نے دیکھا کہ بچے کی حرکات و سکنات پر ردعمل دینے اور تعریف کرنے کے مختلف طریقے ہیں ۔ جیسا کہ اب۔۔۔۔(بچے کا نام) بڑاہو رہا ہے اور نیم ٹھوس غذا کھانے بھی لگا ہے۔تو آج ہم بات کریں گے کہ کھانے کے عمل کو ہم اور مؤثر کیسے بنا سکتے ہیں اور جس میں بچے کی حرکات کا مناسب ردعمل دینا اور تعریف کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ پہلے میں بچے کے ساتھ سرگرمی کروں گا/گی پھر میں آپ کو دعوت دوں گا/ گی کہ آپ ان مہارتوں کا استعمال کرتے ہوئے سرگرمی کریں ”

خود سرگرمی کرنے کے بعد ماں سے کہیں کہ وہ بچے کے ساتھ سرگرمی کریں ۔ سرگرمی کا مشاہدہ کریں اور بعد میں سرگرمی سے متعلق ماں کو مثبت رائے دیں۔

غذا کھلانے کے عمل کو مؤثر بنانا

سرگرمی کا مقصد :اس سرگرمی سے ہم سیکھیں گے کہ بچے کو خوراک کھلاتے ہوئے کیسے ہم باہمی رابطہ قائم کر سکتے ہیں اور کیسے بچےمیں غذا کھانے کا شوق پیدا کر سکتے ہیں ۔

سرگرمی کا دورانیہ : ۱۵ منٹ

سرگرمی کا طریقہ کار:

ماں کو بتائیں کہ وہ آج کی ملاقا ت میں سیکھی گئی مہارتوں کا استعمال کرکے اس سادہ اور دلچسپ سرگرمی کو کر سکتی ہے۔ یہ نہ صرف بچے کے لیے دلچسپ ہے بلکہ ماں کیلئے بھی دلچسپ ہو گی۔
ماں کو بتائیں کہ جب وہ بچے کے ساتھ کھیل رہی ہو یا بات چیت کر رہی ہو تو ماں کا بچے کی سطح پر اور اسکے سامنے ہونا بہت ضروری ہوتا ہے تاکہ بچہ ماں پر توجہ دے سکے۔
دھیان دیں کہ بچے کے آس پاس ایسی چیزیں تو موجود نہیں جو بچے کی توجہ میں خلل ڈال سکتی ہیں۔
ماں کو بتائیں کہ کھانا کھلانے کا وقت مزےدار بنا سکتی ہیں؛ بچے کی حرکات کا مناسب ردعمل دے کر، بچے کی تعریف کر کے یا کھلاتے وقت بچے کو نظم سنا کر۔
دیکھیں کہ ماں بچے کو کھانا کس طر ح کھلا رہی ہے۔کیا اس نے کھلانے سے پہلے بچے اور اپنے ہاتھ دھوئے ہیں ۔ اگر ماں بھول گئی ہے تو نرمی سے اسے یاد دلائیں ۔
ماں بچے پر توجہ دے کہ کیا بچے کا پیٹ بھر گیا ہےیا وہ مزید کھانا چاہتا ہے۔اگر ماں زبردستی کھانا کھلارہی ہے تو ماں کو بتائیں کہ بچہ کھانے سے بیزارہو گیا ہےاور زبردستی کھلانے سے بچہ کا شوق ختم ہوجائے گا۔
سرگرمی کے دوران ماں کو پیش آنے والی مشکلات کو حل کریں۔ ماں کی بات توجہ اور ہمدردی سے سنیں۔
ماں کو بتائیں کہ ضروری نہیں کہ وہ ان ہدایات پر عمل صرف بچے کو کھانا کھلانے کے دوران کرے۔عام روٹین میں بھی اپنا تعلق بہتر کرنے کیلئے اور بچے کو پر سکون کرنے کیلئے دی گئی ہوئی سرگرمیوں پر ان ہدایات پر عمل کر سکتی ہے۔

بچے کو نہلانے کے دوران
بچے کو سلانے سے پہلے
کھیل کے دوران وغیرہ
ماں کو اہم پیغام دیں :

بچے کی تعریف کرنے اور بچے کی حرکات و سکنات پر ردعمل دینے سے بچے کی نشوونما بہتر ہوتی ہے ۔